جمعرات , 16 اگست 2018

میونسپل کمیٹیاں یکم ذوالحج سے قبل قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے سیل پوائنٹس قائم کریں، ڈپٹی کمشنرجہلم

جہلم،8اگست ( نمائندہ جہلم پوسٹ ) ڈپٹی کمشنرجہلم محمد جہانزیب اعوان نے ہدایت کی ہے کہ میونسپل کمیٹیاں یکم ذوالحج سے قبل اپنے زیر انتظام علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے سیل پوائنٹس قائم کریں، سیل پوائنٹ پر متعلقہ ادارے سینٹی ٹیشن سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں، شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے بہتری کی گنجائش باقی ہے ، عید کے موقع پر چیف افسران شہر کا دورہ کرتے ہوئے آلایشوں کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات مکمل رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر محمد جہانزیب اعوان نے ہدایت کی ہے کہ عید کے موقع پر پبلک مقامات پر سری پائے تیار کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ قربانی کی کھالیں صرف وہی ادارے اور تنظیمیں جمع کر سکتی ہیں جنکے پاس اجازت نامے موجود ہونگے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سیل پوائنٹس کیلئے ایسے مقامات کو ترجیح دی جائے جہاں ماضی میں بھی ایسے پوائنٹس بنائے جاتے رہے ہیں، اور ان سیل پوائنٹس کی صفائی، سینی ٹیشن، روشنی، پینے کیلئے پانی، روشنی اور ضرورت پڑنے پر ٹینٹ بھی لگائے جائیں جبکہ مقامی پولیس سکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ عید قربان پر فروخت کیلئے لائے جانیوالے جانوروں کے علاج، کانگو وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کیلئے ضروری اقدامات کریگا، محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹ بھی میونسپل کمیٹیوں سے تعاون کیلئے پابند ہونگے ، خریدار یا بیوپاریوں کو کسی بھی نوعیت کی شکایات کیلئے شکایات سیل بنایا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران بھی بوقت ضرورت سیل پوائنٹس کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔