پیر , 17 دسمبر 2018

14 اگست یوم آزادی کو بھرپور اور شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے ضلع جہلم میں تیاریاں زور و شور سے جاری

جہلم،8اگست ( این این آئی ) 14 اگست یوم آزادی کو بھرپور اور شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے ضلع جہلم میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ، باقاعدہ پروگرام ترتیب دیئے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر جہلم محمد جہانزیب اعوان نے اس سلسلے میں خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کو جوش وخروش سے منانے کی تیاریاں مکمل کر رہے ہیں۔جہلم کے نجی و سرکاری دفاتر میں چراغاں کیا جائے گا۔ تمام سکول و کالجز کی بلڈنگ پر قومی پرچم بھی لگائے جائیں گے۔ 14 اگست کے موقع پر جہلم میں 6000 سے زائد پودے لگا کر شجر کاری مہم کو کامیاب بنایا جائیگا جس کے تحت جہلم کی تمام بڑی شاہراوں، سرکاری سکول و کالجز میں پودے لگائے جائیں گے اورمحکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر مون سون کے سیزن میں پودے لگا کر جہلم کو سرسبزبنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر جہلم نے میونسپل کمیٹی کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز کو خوبصورت جہلم بنانے کے لئے ہدایت جاری کی ہیں۔اجلاس میں اے ڈی سی آر خالد محمود ٹیپو، اے ڈی سی جی بلال فیروز، اے ڈی سی فنانس ، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات، ایس ڈی ایف او سدھیر مغل ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عزیز الرحمان، چیف آفیسر ایم سی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔